فیس بک پیج سے منسلک ہوں

شہباز شریف بلا مقابلہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب

اسلام آباد پالیٹکس رپورٹ/معظم رضا تبسم: قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف بلا مقابلہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی(پی اے سی) کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔

قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں پی اے سی چیئرمین شپ کے لیے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا نام شیخ روحیل اصغر نے تجویز کیا جس کی کسی نے بھی مخالفت نہیں کی۔

بلا مقابلہ منتخب ہونے کے بعد مختصر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام اراکین کے دیے گئے اعتماد پر شکر گزار ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ احتساب کے عمل کو بہتر بنانا بہت ضروری ہے اور اسے شفاف ہونا چاہیے جس کے لیے سب کو ساتھ لےکر چلوں گا۔

شہباز شریف نے گزشتہ دورِ حکومت میں پی اے سی کے چیئرمین رہنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید کا سراہتے ہوئے کہا کہ سید خورشید شاہ کو بھی مبارک باد دیتا ہون جنھوں نے اس کمیٹی کو بہتر انداز میں چلایا۔

حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکنِ اسمبلی عامر ڈوگر نے شہباز شریف کو منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہمارے وزیر اعظم نے بھی شہبازشریف کو چیئرمین بنانے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔