فیس بک پیج سے منسلک ہوں

بھارت وزراء خارجہ ملاقات سے کیوں پیچھے ہٹا ؟

اسلام آباد پالیٹکس رپورٹ/معظم رضاتبسم:پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم عمران خان کے  نرنیدر مودی کو خط کے جواب میں وزراء خارجہ کی نیویارک میں ملاقات پر رضامندی سے چند گھنٹوں بعد ہی بھارت مکر گیا۔

بھارت نے عالمی یوم امن کے موقع پر اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں پاک بھارت وزراء خارجہ کی ملاقات کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارت کے اس انکار کی وجہ پاکستان کی جانب سے کشمیری تنظیم کے شہید رہنما برہان وانی اور دو ساتھیوں کی تصاویر والے یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ قرار دیا گیا ہے جنہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کو مارنے کا کارنامہ سرانجام دیا تھا۔

بھارت کی طرف سے پاک بھارت وزراء خارجہ ملاقات منسوخ کئے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے بہانے تلاش کرنے کی کوشش کی ہے ، بہانے تو بہت مل جائینگے۔ اب بھی کہتے ہیں بھارت ایک قدم بڑھائے ہم دو قدم آگے بڑھائیں گے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افسوس ہےکہ بھارت کی جانب سےمثبت جواب نہیں دیاگیا۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت کے رویہ میں غیر سنجیدگی پوری دنیا دیکھ رہی۔ ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ مذاکرات ہونگے تو پروقار طور پر ہونگے۔