فیس بک پیج سے منسلک ہوں

اعتزاز احسن صدارتی امیدوار نامزد، شہباز شریف اپوزیشن لیڈر تسلیم

اسلام آباد پالیٹکس رپورٹ /معظم رضا تبسم : پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اعتزاز احسن صدر پاکستان کے لیے امیدوار نامزد کردیا۔ اعتراز احسن کی صدارتی انتخاب مہم کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی ۔ پیپلزپارٹی نے سیپکر قومی اسمبلی کو شہباز شریف کی اپوزیشن لیڈر بنانے کی حمایت کا خط بھی لکھ دیا ہے،سپیکر کو لکھے گئے خط پر بلاول بھٹو نے پارلیمانی لیڈر کی حثیت سے دستخط کئے ہیں-

سابق صدر اصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر تسلیم کرتے ہیں، اعتزاز احسن جیسا قابل رہنما ہی ملک کا صدر بننا چاہئے۔

اتوار کو کراچی روانگی سے قبل زرداری ہاوس اسلام آباد میں پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے سربراہ آصف علی زرداری نے اعتزاز احسن اور پارٹی رہنماووں سےملاقات میں صدارتی انتخابات سے متعلق پارٹی پالیسی پر تبادلہ خیال کیا۔

آصف زرداری نے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے کی منظوری دی جبکہ خورشید شاہ، شیری رحمان اور قمر زمان کائرہ کو مسلم لیگ ن سمیت دیگر اتحادی جماعتوں سے رابطے کرنے کا ٹاسک دے دیا۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اعتزاز احسن صدر کے لیے اپوزیشن کے متفقہ امیدوار ہوں گے، دوسری جماعتوں سے اعتزاز احسن کے لیے حمایت لیں گے۔ آصف زرداری نے کہا کہ وزیر اعظم کے انتخاب میں پیپلزپارٹی نے اپنی حکمت عملی اختیار کی مگر شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر تسلیم کرتے ہیں، اعتزاز احسن جیسا قابل رہنما ہی ملک کا صدر بننا چاہئے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما جلد سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کر کے اپنے امیدوار کی حمایت مانگیں گے۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف نے صدراتی انتخاب کے لیے ڈاکٹر عارف علوی کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین کے عہدے کی مدت 8 ستمبر 2018 کو پوری ہورہی ہے، اُس سے قبل نئے صدر کے انتخاب کے لیے 4 ستمبر کو پولنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔