فیس بک پیج سے منسلک ہوں

عمران خان نے وزارت اعظمی کا حلف اٹھا لیا، 20 رکنی کابینہ کا اعلان

اسلام آباد پالیٹکس رپورٹ /معظم رضا تبسم: نومنتخب وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے بائیسویں وزیر اعظم کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، صدر مملکت ممنون حسین نے ان سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جس میں تینوں سروسز چیفس اور پارلیمانی رہنماؤں نے شرکت کی۔

حلف برداری تقریب میں عمران خان کی اہلیہ اور خاتون اول بشریٰ بی بی سفید رنگ کا عبایہ پہنے عمران خان کے ہمراہ علیحدہ گاڑی میں بنی گالہ سے ایوان صدر آئیں ۔ بنی گالہ سے ایوان صدر کیلئے روانگی سے قبل خاتون اول بشری بی بی نے اپنی دوست فرح خان اور عمران خان کے دوست زلفی بخاری کے ہمراہ تصاویر بھی بنوائیں،جو سوشل میڈیا پر گردش  کر رہیں۔تقریب میں شرکت کیلئے عمران خان کے بھارتی دوست نوجوت سنگھ سدھو اور وکرم مہتا کے علاوہ ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہیروز کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کور گروپ کے تمام اراکین کو بھی تقریب میں موجود تھے۔ اس موقع پر آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے نوجوت سنگھ سدھو سے ملاقات کی اور ان سے گلے بھی ملے۔

عمران خان نے سیاہ رنگ کی شیروانی پہن کر وزیر اعظم پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں غیر ملکی سفیر بھی شریک ہیں، حلف برداری کے بعد نو منتخب وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

نومنتخب وزیراعظم کی کابینہ میں شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک وزیر دفاع، اسد عمر وزیر خزانہ، ریونیو اوراقتصادی امور، وزیر خزانہ، عامر محمود کیانی وزیر قومی ہیلتھ سروس ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن اور شفقت محمود کو وزیر فیڈرل ایجوکیشن پروفیشنل ٹریننگ کی وزارت دی گئی۔ نورالحق قادری وزیر مذہبی امور، شیریں مزاری وزیر انسانی حقوق، غلام سرور خان وزیر پیٹرولیم ڈویژن، فواد چوہدری وزیر اطلاعات ہوں گے۔

عمران خان کی کابینہ میں ایم کیو ایم کے دو وفاقی وزارتیں، خالد مقبول صدیقی کو آئی ٹی اور کمیونیکشن جبکہ بیرسٹر فروغ نسیم کو وزارت قانون دی گئیں ہیں۔ پی ٹی آئی کی اتحادی جماعتوں سے جی ڈی اے سے فہمیدہ مرزا کو بین الاصوبائی رابطہ اور عوامی سملم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو ریلوے ، بلوچستان عوامی پارٹی کی زبیدہ جلال کو دفاعی پیداوار، ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ کو وزارت سیفران کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

اس کے علاوہ شہزاد ارباب مشیر اسٹیبلشمنٹ، عبدالرزاق داؤد کامرس اینڈ انڈسٹری ،ڈاکٹر عشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری، امین اسلم ماحولیات اور بابر اعوان کو پارلیمانی امور کا مشیر لگایا گیا ہے۔