فیس بک پیج سے منسلک ہوں

عوامی نیشنل پارٹی مردان کے رہنما اعجازخان پیپلزپارٹی میں شامل

اسلام آباد پالیٹکس رپورٹ /معظم رضا تبسم : عوامی نیشنل پارٹی مردان کے رہنما اعجازخان پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے ۔ جمعہ کے روز زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں عوامی نیشنل پارٹی کے ممبر فیڈرل کونسل اور مردان سے ٹکٹ ہولڈر ملک اعجاز خان کی طرف سے اے این پی چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکی۔ اس موقع پرسابق صدرپاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا صوبہ بنا کر وہاں کے عوام کو شناخت دی۔ پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے صوبوں کو خودمختاری دی اور این ایف سی ایوارڈ دیا۔ سابق صدر نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیادی ترجیح غربت، بیروزگاری اور اندھیروں کا خاتمہ ہے۔ پختونخوا کے عوام نے شدت پسندوں اور دہشتگردوں کے بہت زخم سہے۔ ان شدت پسندوں اور دہشتگردوں سے محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے مزاحمت کی اور ہمیں راستہ دکھایا کہ پاکستان کے مفاد میں کیا ہے اور نقصان میں کیا ہے۔ ہمیں ملک کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ ماضی میں کے پی کے عوام کے اصل مسائل کو نظرانداز کیا گیا تھا۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے بڑی حد تک عوام کے مسائل حل کئے مگر ضرورت اس بات کی ہے کہ پورے ملک کی طرح کے پی کے عوام کو خوشحال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کا اصل نقشہ بھی یہی ہے کہ ملک کی ترقی کے ثمرات چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے عوام میں منصفانہ طریقے سے تقسیم ہوں۔اس موقع پر سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی حاجی نواز کھوکھر، صدر پیپلزپارٹی کے پی ہمایوں خان، سینیٹر سردار علی خان، عامر فدا پراچہ، محمد علی شاہ باچا اور فاروق ہوتی بھی موجود تھے۔ سابق صدر نے ملک اعجاز کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت پر مبارکباد بھی دی۔