وزارت خزانہ کی ذمہ داریاں مفتاح اسماعیل اور رانا افضل کے حوالے

اسلام آباد/ معظم رضا تبسم : وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کا معاملہ طے ہونے میں تاخیر کے باعث مسلم لیگ ن حکومت نے وزارت خزانہ کی ذمہ داریاں مفتاح اسماعیل اور رانا افضل کے حوالے کردیں۔

مفتاح اسمٰعیل کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا مشیر خزانہ و اقتصادی امور مقرر کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 22 دسمبر کو وزیر اعظم نے رانا محمد افضل کو وزیر مملکت برائے خزانہ بنانے کی منظوری دی تھی۔ منگل کے روز رانا محمد افضل خان نے بھی وزیر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھایا۔

وزیر اعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت ممنون حسین نے مفتاح اسمٰعیل کی بطور مشیر  خزانہ و اقتصادی امور مقرر تقرری کی منظوری دے دی- کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق مفتاح اسمٰعیل کی بطور مشیر تقرری کا فوری اطلاق ہوگا اور ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔

خزانہ و اقتصادی امور کے مشیر کے طور پر تقرری کے بعد مفتاح اسمٰعیل وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اقتصادی کا عہدہ نہیں رکھیں گے- مفتاح اسمٰعیل نے یونیورسٹی آف پنسلوینیا کے ’دی وارٹن اسکول‘ سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔