افغان مصالحتی عمل: چینی وزیر خارجہ پاکستانی قیادت سے مشاورت کیلئے پہنچ گئے

اسلام آباد پالیٹکس رپورٹ : امریکہ کے بغیر افغان مصالحتی عمل کو آگے بڑھانے پر پاکستان کی سول و ملٹری قیادت سے مشاورت کے لئے چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی اہم دورے پر پاکستان کے پہنچ گئے ہیں ۔ چینی وزیر خارجہ افغانستان بھی جائیں گے خطے کی بدلتی صورت حال خصوصاً افغانستان کے معاملے پر افغان قیادت سے ملاقات کریں گے۔

ہفتہ کو چکلالہ ائیر بیس پ پہنچنے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کا استقبال کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وانگ یی مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے جس میں بدلتی ہوئی علاقائی صورتِ حال پر بات چیت کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کی امریکا کے بغیرافغان مصالحتی عمل کرنے پر مشاورت اس دورے کا اہم ترین نکتہ ہے جبکہ چینی وزیر خارجہ اہم پاکستانی شخصیات سے ملاقات کے بعد افغانستان بھی جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے افغان مصالحتی عمل کو آگے بڑھانے کی اس کوشش کو روس کی بھی حمایت حاصل ہے۔

ون بیلٹ ون روڈ اور سی پیک جیسے بڑے منصوبوں کی کامیابی کے لیے خطے میں پائیدار امن بہت ضروری ہے اور اس وقت چینی قیادت یہی مقصد حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔