اوباما کی آمد سے تین روز قبل بھارتی عدالت پرخاتون کا خودکش حملہ

اسلام آباد پالیٹکس مانیٹر۔  ہندوستان کی ریاست بہار کی عدالت کے احاطے میں ایک خاتون خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں حملہ آور خاتون سمیت ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔واضح رہے کہ یہ حملہ 26 جنوری کو ہندوستان کے یوم جمہوریہ سے محض تین دن قبل کیا گیا ہے، جس کی مرکزی تقریب دارالحکومت دہلی میں ہو گی ۔اس تقریب میں امریکی صدر براک اوباما بھی شرکت کریں گے۔ امریکی صدر کے تین روزہ دورے کے موقع پر ہندوستان کے شمال مشرقی علاقوں میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق جمعے کو مشرقی ہندوستان میں ریاست بہارکے ضلع بھوج پور کی ایک عدالت کو دیسی ساختہ بم حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ بہار کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس گپتشور پانڈے نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے حملے میں دو افراد کی ہلاکت جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔ پانڈے کے مطابق ہلاک شدگان میں حملہ آور خاتون اور ایک پولیس کانسٹیبل شامل ہے۔